• KHI: Maghrib 7:09pm Isha 8:33pm
  • LHR: Maghrib 6:51pm Isha 8:24pm
  • ISB: Maghrib 7:01pm Isha 8:37pm
  • KHI: Maghrib 7:09pm Isha 8:33pm
  • LHR: Maghrib 6:51pm Isha 8:24pm
  • ISB: Maghrib 7:01pm Isha 8:37pm

پاک، بھارت کشیدگی: کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند

شائع May 1, 2025
— فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز
— فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کے لیے بند کردی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود ایک ماہ کے لیے جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) نے ناٹم جاری کردیا ہے جس کے مطابق کراچی اور لاہور کے فلائٹ انفارمیشن ریجن (ایف آئی آر) کی مخصوص فضائی حدود یکم مئی سے 31 مئی تک ایک ماہ کے لیے جزوی طور پر بند کردی گئیں۔

ناٹم کے مطابق کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود صبح 4 بجے سے صبح 8 بجے تک بند رہے گی، اس دوران کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن متبادل روٹس کے ذریعے جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی گلگت اسکردو کے لیے پروازیں کچھ گھنٹے تعطل کے بعد دوبارہ بحال کردی گئی تھیں، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 3 گھنٹے فضائی حدود بند رہنےکی وجہ سے گلگت اسکردو پروازیں منسوخ کی گئی تھیں تاہم فضائی حدود کھلنے پر تمام پروازیں بحال کردی گئیں۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ 3 گھنٹے فضائی حدود بند رہنےکی وجہ سے گلگت اور اسکردو پروازیں منسوخ کی گئیں، تاہم فضائی حدود کھلنے پر تمام پروازیں بحال کردی گئی تھیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے پہلگام حملے کو جواز بناکر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھارتی ائیرلائنز کے لیے اپنے فضائی حدود بند کردی تھیں، پاکستان کی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 29 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کا جواب دینے کے لیے بھارتی فوج کو ’آپریشنل آزادی‘ دے دی تھی۔

اس سے قبل بھارت نے 22 اپریل مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی مبینہ ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا،بھارتی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس حملے کا واضح اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے علاوہ پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کی معطلی کا عندیہ دیتے ہوئے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدام کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتی عملے کو 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرکے انہیں 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 مئی 2025
کارٹون : 13 مئی 2025
OSZAR »